پشاور میں خودکش حملہ، اے این پی کے اہم امیدوار سمیت 13 افراد شہید

0
75
haroon-bilour-death

پشاور (پاکستان ٹوئنٹی فورسیون نیوز) پشاورمیں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکا ہوا ہے جس میں اے این پی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے ہارون بلور سمیت 13 افراد شہید ہوگئے۔

تفصیل کے مطابق دھماکا پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران ہوا۔ دھماکے میں 13 افراد شہید ہوگئے جن میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرحوم رہنما بشیر بلور کے بیٹے اور اے این پی کے ’پی کے 78‘ کے انتخابی امیدوار ہارون بلور بھی شامل ہیں۔دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ادارے جائے وقوع پہنچ گئے، تمام لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں لائی جاچکی ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد 30 سے زائد ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہارون بلور تقریب کے مہمان خصوصی تھے ان کے پہنچنے پر حملہ آور نے ان کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ دھماکے کے بعد اے این پی کے کارکنان بڑی تعداد میں جائے وقوع اور اسپتال پہنچ گئے۔

اطلاعات آئی تھیں کہ ہارون بلور کے ساتھ ان کے بیٹے دانیال بلور بھی موجود تھے اور وہ بھی زخمی ہوگئے ہیں تاہم اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ محفوظ ہیں۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دھماکے میں کم از کم 8 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here